ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

جعلی ویزوں کا کاروبار ایک بار پھر عروج پر پہنچ گیا 

جعلی ویزوں کا کاروبار
کیپشن: جعلی ویزے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: ترکی سے ڈی پورٹ ہو کر وطن واپس آنے والے مسافر نے ایف آئی اے کی آنکھیں کھول دیں، مسافر کی نشاندہی پر انسداد انسانی سمگلنگ سرکل کی صدیق ٹریڈ سنٹر میں بڑی کارروائی، ٹریول ایجنٹ کا دفتر سیل کر دیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق جعلی ویزہ کے کاروبار میں ملوث اے اینڈ ایچ ٹریول کا دفتر سیل کیا گیا، جہاں ریڈنگ ٹیم نے 124 پاسپورٹ، فائلیں، 2 لیب ٹاپ اور 5 کمپیوٹر قبضے میں لے لیے۔ حکام کا کہنا تھا کہ اے اینڈ ایچ ٹریول کے پاس اوور سیز ایمپلائمنٹ کے کاروبار کا کوئی لائسنس موجود نہیں ہے۔

اسی اے اینڈ ایچ ٹریول کے خلاف کارروائی جعلی ترکی ویزے پر ڈی پورٹ ہونے والے مسافر کی نشاندہی پر کی گئی ہے۔ ایف آئی اے نے 4 ملزموں عاصم ریاض، محمد وسیم، وقاص صدیق اور حسن شہباز کو گرفتار کر کے ان کے خلاف امیگریشن آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ادھر گامے شاہ اور داتا دربار پر دھماکہ کرنے کی ون فائیو پر جھوٹی اطلاع دینے والا ملزم بھی پولیس کے ہتھے چڑھ گیا ہے۔ ایس پی انویسٹی گیشن زوہیب رانجھا کے مطابق ملزم شعیب نے دو روز قبل ون فائیو پر کال کی تھی، ملزم نے اپنے چھ ساتھیوں سمیت داتا دربار اور گامے شاہ پر دھماکہ کرنے کی اطلاع دی، جس کے بعد ملزم نے اپنا نمبر بند کر رکھا تھا۔

ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق ملزم کے خلاف ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور لوکیٹر کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مزید تحقیقات کے لئے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا جائے گا۔