(شہزادخان) لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے حکومت سے کم از کم تین ماہ کیلئے صارفین کے بجلی اور گیس کے بلز معاف کرنے کی اپیل کردی ہے۔
ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں غیرمعمولی تجارتی و معاشی صورتحال پیدا ہوئی ہے، کاروباری سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں ، ایکسپورٹ آرڈرز کینسل ہورہے ہیں جبکہ مارکیٹوں میں گاہک نہیں، ایسے میں اگر حکومت انہیں یوٹیلٹی بلز میں تین ماہ کی چھوٹ دے دیتی ہے تو یہ بہت بڑا ریلیف ہوگا۔
انہوں نے توقع کی کہ پراپرٹی مالکان بھی جذبہ خدمت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے کرایہ داروں کو کرایہ میں دو ماہ کی چھوٹ دیں گے، حکومت میرج ہالوں کو وقتی طور پر قرطینہ میں تبدیل کردے اور بدلے میں انہیں دو سال کیلئے ٹیکسوں کی چھوٹ دے دے، اس طرح اجتماعی کوششیں کرکے اس مشکل وقت کو ٹالا جاسکتا ہے، لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے یہ توقع بھی ظاہر کی کہ حالات کے پیش نظر لاہور چیمبر کے ممبران کو تجدید رکنیت کیلئے اضافی وقت دے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس دنیا کے 192 ممالک میں پھیل چکی ہے، دنیا بھر میں اب تک اس وائرس کے 3 لاکھ 81 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، پاکستان میں بھی کورونا وائرس نے پنجے گاڑ لیے، وائر س سے ایک اور مریض جاں بحق، ملک بھر میں مرنے والوں کی تعداد چھ جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 864 ہوگئی، سندھ میں 394، پنجاب میں 242، بلوچستان میں 110 مریض، خیبرپختونخوا میں 31، گلگت بلتستان میں 71، اسلام آباد میں 15 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔