سٹی 42: جوہر ٹاؤن دھماکے کا ماسٹر مائنڈ گرفتار کرلیا گیا، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے گرفتار ہونے والا ڈیوڈ ماسٹر مائنڈ نکلا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ کا تعلق کراچی سے ہے، ڈیوڈ کچھ عرصہ قبل دبئی سے واپس آیا تھا۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے گرفتار ہونے والا ڈیوڈ ماسٹر مائنڈ نکلا۔ دھماکے کا ماسٹر مائنڈ ڈیوڈ کچھ عرصہ سے گوجرانوالہ میں رہائش پذیر تھا جبکہ ڈیوڈ نے گاڑی کو دھماکے کے لیے تیار کروایا۔ڈیوڈ کا تعلق غیر ملکی تنظیم سے ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
دوسری جانب تفتیشی ٹیم اس حادثے کی تحقیقات میں مصروف عمل ہے، دہشتگردی کےلیے استعمال ہونےوالی ممکنہ گاڑی براستہ موٹروے سے لاہور میں داخل ہوئی، 9بج کر40منٹ پرگاڑی کو بابو صابو ناکےپر تعینات سکیورٹی اہلکاروں نےتلاشی کےلیے روکا۔ سکیورٹی اہلکار نے ڈرائیور سے دستاویزات اور کوائف کی تلاشی کےبعدگاڑی کو روانہ کردیا جبکہ ناکےپرتعینات اہلکار بارودسےبھری گاڑی کو روکنےکےباوجود موادکاسراغ نہ لگاسکے۔ سی ٹی ڈی نے بابوصابو ناکےپرتعینات سکیورٹی اہلکاروں کو شامل تفتیش کرلیا ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز جوہر ٹاؤن میں دھماکہ ہوا تھا اور جائے وقوعہ سے 24 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ایک خاندان کے پانچ افراد دھماکے کی زد میں آئے۔ تیس سالہ رکشہ ڈرائیور عبدالخالق اور اس کا چھ سالہ بیٹا عبدالحق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ اس کی بیوی اور دو بچے جناح ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے باعث قریبی گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے اور وہاں قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔