(حسن خالد)یادگار میٹرو اسٹیشن کے قریب میٹرو بس میں آگ لگ گئی ،بس میں آگ وائرنگ شارٹ ہونے کے باعث لگی۔
یادگار میٹرو اسٹیشن کے قریب میٹرو بس میں آگ لگنے کے واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اور میٹرو بس اتھارٹی کا عملہ موقع پر پہنچ گیا ۔ بس میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعے کے بعد میٹرو بس سروس تعطل کا شکار رہی۔
ریسکیو اہلکاروں نے آگ پر قابو پالیا تاہم بس جل کر خاکستر ہوگئی۔بس میں کسی کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بس میں آگ وائرنگ شارٹ ہونے کے باعث لگی آگ لگنے کے واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میٹروبس کو شاہدرہ جاتےہوئےآتشزدگی کا واقعہ پیش آیا،صبح کےآغازپر26بسوں کافلیٹ شاہدرہ کیلئےنکلاتھا کہ اچانک بھاٹی سے آزادی چوک کےدرمیان ایک بس میں آگ بھڑک اٹھی ،ڈرائیور بس کو روک کرفوری باہر کی جانب نکل گیا۔
یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ 90فیصدبسوں کےاے سی خراب جبکہ وائرنگ پرانی ہوچکی ہے۔بسوں کو بغیر اے سی ،الیکٹریکل فالٹ کو نظر انداز کرکے چلایا جارہا ہے۔میٹرو بس کےجلنے سے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو کروڑوں کا نقصان ہوا جبکہ ایک بس جلنے سے حاضر سروس بسوں کی تعداد اکیاون رہ گئی ہے۔