کورونا ٹیسٹ کیلئے20 ہزار تشخیصی کٹ ضائع ہونے کا خدشہ

کورونا ٹیسٹ کیلئے20 ہزار تشخیصی کٹ ضائع ہونے کا خدشہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  نیوکیمپس (اکمل سومرو) پنجاب یونیورسٹی کی تیار کردہ کورونا ٹیسٹ کی 20 ہزار تشخیصی کٹ ضائع ہونے کا اندیشہ، ڈریپ نے کرونا وائرس کا ٹیسٹ 800 روپے میں کرنے والی تشخیصی کٹ کی منظوری دو مہینوں سے روک رکھی ہے۔

 

 سنٹر فار ایکسیلینس ان مالیکیولر بائیولوجی کے وائرالوجسٹ کی زیر نگرانی پنجاب یونیورسٹی نے کورونا تشخیصی کٹ کے نمونے تیار کیے تھے اور پنجاب یونیورسٹی نے 20 اپریل کو کورونا وائرس کی سستی ڈائیگناسٹک کٹ کی منظوری  کے لئے ڈریپ کو خط لکھا تاہم اب تک اس پر پیش رفت نہیں ہوسکی۔

 

  ڈریپ حکام اور حکومت پنجاب نے سستی ڈائیگناسٹک کٹ کی منظوری کو لٹکا دیا ہے، پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کورونا کٹ کی منظوری کے لئے ٹرائل کی درخواست کی گئی ہے،  ٹرائل شروع نہ کرنے پر پنجاب یونیورسٹی حکام نے ڈریپ سے دوبارہ رابطہ کیا گیا ہے۔

 

 دوسری جانب پنجاب یونیورسٹی نے 2 جون کو ویکیسین کی تیاری  کے لئے آلات خریدنے  کے لئے اشتہار شائع کرنے کی درخواست کی۔ پنجاب یونیورسٹی کاویکسین کی تیاری  کے لئے آلات کی خریداری کا اشتہار بھی روک دیا گیا۔

پاکستان میں  کورونا وائرس کے حملوں میں  تیزی آگئی، ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 105 افراد  کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئےجس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 3965 ہوگئی جبکہ اب تک کورونا سے متاثرہ 73  ہزار  سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  پاکستان میں  کورونا وائرس کے مزید 3946 مریض سامنے آگئے جس کے بعد ملک بھر میں  کورونا وائرس کیسز کی تعداد 1 لاکھ 85 ہزار سے تجاوز کر گئی،  کورونا وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہوا جہاں کورونا کیسز 71 ہزار سے تجاوز کر گئے.

پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد 68 ہزار 308، خیبرپختونخوا میں کورونا کیسز کی تعداد 22 ہزار 633 ہوگئی، بلوچستان میں9 ہزار 587،  اسلام آباد میں کورونا مریضوں کی تعداد 11 ہزار 219 ہوگئی، گلگت بلتستان میں 1 ہزار 1326 اور آزاد کشمیر میں 869  کورونا مریض ہیں۔

 

Shazia Bashir

Content Writer