کابینہ کی منظوری کے بعد فلور ملوں کو گندم ملے گی: وزیر اعلیٰ پنجاب

کابینہ کی منظوری کے بعد فلور ملوں کو گندم ملے گی: وزیر اعلیٰ پنجاب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبے میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور فلورملوں کو گندم ریلیز کرنے کے حوالے سے مختلف آپشن پر غور کیا گیا۔

 اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کابینہ سے فلور ملوں کو گندم ریلیز کرنے اور حتمی قیمت مقرر کرنے کی منظوری لی جائے گی اور کابینہ کی منظوری کے بعد فلور ملوں کو کابینہ کی جانب سے مقرر کردہ قیمت پر گندم مہیا کی جائے گی۔

 اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب  کو گندم اور آٹے کی قیمتوں اور دستیابی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایکٹمرا انجکشن اور دیگر ضروری ادویات ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے عیدالاضحیٰ کیلئے جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کی، انہوں نے کہا کہ لاہور کے بعض علاقوں کو سیل کرنے کے حوالے سے جلد حتمی پلان پیش کیا جائے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے معاون خصوصی وزیراعظم و وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند نے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

 اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب بلوچستان میں کارڈیالوجی ہسپتال، ریسکیو1122 اور دیگر منصوبے مکمل کرے گی،پنجاب حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، بلوچ بہن بھائیوں کی خدمت میں پیچھے نہیں رہیں گے، میر چاکر اعظم رند مقبرے کی بحالی کیلئے فنڈز مہیا کر دیئے ہیں،ست گرہ میں ریسٹ ہاؤس اور میوزیم بنے گا۔

اس موقع پر یار محمد رند نے کہاکہ عثمان بزدار نے مقبرہ چاکر اعظم کی بحالی پر توجہ دیکر دل جیت لیے، ان کی خدمات صوبائی ہم آہنگی کیلئے سرمایہ ثابت ہونگی۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سردار یار محمد رند کی طرف سے دورہ بلوچستان کی دعوت قبول کر لی۔

Sughra Afzal

Content Writer