وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس،محرم الحرام سکیورٹی انتظامات،سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا گیا

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان میں اعلی سطح اجلاس ،محرم الحرام سیکورٹی انتظامات، بارشوں سے اربن فلڈنگ اور سیلاب کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ،وزیراعلی نے دریاؤں کی گزرگاہوں میں آ بادیوں کا بروقت انخلاء یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے رودکوہی اور دریائے سندھ سے گزرنے والے سیلابی ریلے کی مانیٹرنگ کا حکم دیا،  وزیر اعلی نے  ہدایت کی کہ دریا کی گزر گاہ میں قائم تجاوزات کو فوری طور پر ہٹا یا جائے ۔محسن نقوی نے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات کو ہدایت کی کہ فورٹ منرو میں ٹریفک بحال کرنے کے لئے این ایچ اے کے ساتھ مل کر فوری اقدامات کئے جائیں  اورمحرم الحرام کے دوران چینی شہریوں کی غیر ضروری نقل و حرکت کو محدود کیا جائے۔
 وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بتایا کہ  راجن پور میں رودکوہیوں کے مستقل سدباب کیلئے کچھی کینال کے ایشوپر وفاق سے بات کریں گے ،انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سیلابی صورتحال کے پیش نظرپیشگی تیاریاں مکمل رکھیں۔
 محسن نقوی نے ہدایت کی کہ دریائے سندھ میں طغیانی کی صورت میں متعلقہ محکمے مختصر نوٹس پر آبادیوں اور لائیو سٹاک کے انخلاء کو یقینی بنائیں ۔ وزیر اعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دریائے سندھ میں پانی کی صورتحال نارمل اور لو فلڈہے، مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے،ملتان میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لئے انتظامات مکمل کئے جا چکے ہیں،محرم الحرام کے دوران سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے،انتظامیہ، پولیس اور دیگرسکیورٹی ادارے محرم کے جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
 اجلاس میں چیف سیکرٹری،آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔ 
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز آبپاشی، زراعت، تعمیرات و مواصلات، لوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ، توانائی، صحت، خزانہ، اطلاعات، لائیوسٹاک، سکول ایجوکیشن،  ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈی جی ریسکیو 1122، ڈی جی پی آر، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور،ڈیرہ غازی خان کے کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔