سٹی 42 (علی اکبر) پنجاب حکومت نے ٹیچنگ لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ ٹیچر لائسنسنگ ایکٹ جلد پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا جبکہ آئندہ ایک ماہ میں صوبے کے تمام سکولوں میں اساتذہ کی تعداد کو مکمل کرلیں گے۔ پرائیوٹ سکول کی رجسٹریشن بھی آن لائن کی جائے گی۔ وزیر تعلیم کی تقریر کے دوران اپوزیشن کا احتجاج جاری رہا۔ نعرے بازی اور شور شرابہ بھی کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 50 منٹ کی تاخیر سے پینل آف چئیرمن میاں شفیع کی زیر صدارت شروع ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران ن لیگ کی راحیلہ نعیم اور وزیر جنگلات سردار سبطین خاں کے درمیان 12 موسموں اور نیب کے حوالے سے دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔
راحیلہ نعیم نے کہا کہ وزیر صاحب نے دو موسموں کا تو زکر کیا ہے مگر باقی دس کا ذکر نہیں کیا یہ میں نہیں کہہ رہی وزیراعظم کہتے ہیں کہ پاکستان میں 12 موسم ہیں۔ جواب میں وزیر جنگلات نے کہا کہ آپ مجھے 10 موسموں کے نام بتا دیں۔ ایوان میں تعلیم پر عام بحث کا آغاز وزیر تعلیم مرد راس نے کیا اور ن لیگ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ 10 سال ن لیگ صوبے پر حکومت کرتی رہی۔ اب حال یہ ہے کہ کہتے ہیں ہمارے علاقوں میں سکول نہیں۔ ان کو تو چاہیے کہ یہ چپ ہوکر بیٹھ جائیں۔ ہماری حکومت ٹیچر لائسننگ ایکٹ لا رہی ہے۔ اسی طرح پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا بھی ایکٹ لا رہے ہیں۔ جس پر اپوزیشن نے ایوان میں شدید احتجاج، نعرے بازی اور شور شرابہ کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔
مسلم لیگ ن کے رانا مشہود نے وزیر تعلیم کے اعداد وشمار کو چیلنچ کرتے ہوئے کہا کہ جن چیزوں کا کریڈٹ وزیر موصوف لے رہے ہیں وہ شہباز شریف نے شروع کیں۔ پنجاب اسمبلی کا ایوان اس وقت قہقوں سے گونج اٹھا۔ وقت مکمل ہونے پر پینل آف چئیرمن میاں شفیع نے اجلاس پیر کی سہ پہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا۔