مال روڈ (عرفان ملک) مون سون میں لاہور وینس بن جائے گا، سپیشل برانچ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو مون سون سے قبل نالوں کی صفائی کے انتظامات مکمل نہ ہونے پر رپورٹ بھجوا دی۔
ذرائع کے مطابق شہر کے تمام نالوں کا سروے کیا گیا جس میں کئی ایسے تھے جن میں گندگی کے ڈھیر ہونے کی نشاندہی ہوئی، سپیشل برانچ نے رپورٹ میں لکھا کہ شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات ہیں، مون سون شروع ہوگیا لیکن نالوں کی صفائی نہیں ہوئی، نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث برسات میں نالے اوور فلو ہونے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نالوں کی گندگی پانی کے نکاس میں بڑی رکاوٹ ہوگی، پانی نہ نکلا تو گلی گلی محلہ محلہ پانی میں ڈوب جائے گا۔
شہری حلقوں کا کہنا تھا کہ رپورٹ نے واسا کے شاندار اقدامات کی قلعی کھول دی ہے۔ سپیشل برانچ نے مون سون سے قبل نالوں کی صفائی نہ ہونے کی رپورٹ وزیراعلیٰ کو بھجوادی۔
ترجمان محکمہ مو سمیات اختر محمود کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں اگست میں داخل ہونے والے سسٹم میں بارشیں زیادہ ہونگی جس کی وجہ سے نچلے درجے کا سیلاب آسکتا ہے، ابھی سیلاب کی وارننگ نہیں بلکہ الرٹ جاری کیا گیا ہے تاہم اگست میں سیلاب کے بارے میں صورتحال مزید واضح ہو جائے گی، مون سون کا سلسلہ عموماً ستمبر کے وسط تک ختم ہو جاتا ہے تاہم کبھی کبھار یہ ستمبر کے آخر تک بھی چلا جاتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور شہر کا آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کاامکان ہے، صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا،شام میں نمی کا تناسب 61 فیصدرہنےکا امکان ہے، ہفتےکے روز بھی شہر کا موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔