سٹی 42: مہنگائی سے ستائے عوام کے لیے ایک اور بری خبر، لاہور آٹا چکی اوونرز ایسوسی ایشن نے چکی کے آٹے کی قیمت میں مزید 2 روپے فی کلو اضافہ کردیا۔ فی کلو قیمت 70 روپے مقرر کردی۔ ضلعی انتظامیہ دعوؤں کے باوجود آٹا بحران پر قابو پانے میں ناکام، شہر کے مختلف علاقوں میں 20 کلو کے آٹا بیگ کی شدید قلت، حکام سرکاری نرخ 860 پر فروخت بھی ممکن نہ بناسکے، فائن میدہ کی 84 کلو بوری کی قیمت 6000 سے زائد ہو گئی، متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کا عید کے بعد نان 20 روپے کرنے کا اعلان.
جنرل سیکرٹری آٹا چکی اوونرز ایسوسی ایشن جنرل سیکرٹری عبدالرحمن کہتے ہیں گندم کی قیمت 2300 روپے فی من تک جا پہنچی ہے جسکے باعث آٹا چکی مالکان نے آٹے کی قیمت میں اضافہ کیا۔ دوسری جانب میدے اور فائن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کیخلاف متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے عید کے بعد ہڑتال کی دھمکی دے دی۔ رحمانپورہ میں متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا اجلاس ہوا۔
اجلاس کی صدارت متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل نے کی۔ اجلاس میں میدے فائن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
دوسری جانب چند روزقبل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عاصم رضا کا کہنا تھا کہ حکومت اس وقت لاہور سمیت پنجاب بھر کی فلور ملز کو 17000 ٹن گندم فراہم کر رہی ہے جس کے بدلے فلور ملز 5 لاکھ 50 ہزار آٹے کے 20 کلو تھیلے پنجاب بھر میں فراہم کر رہی ہیں۔ لاہور میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی طلب اڑھائی لاکھ ہے جبکہ فراہمی 1 لاکھ 30 ہزارتھیلے ہو رہی ہے جو کہ سرکاری گندم کے کوٹے کے مطابق ہے۔
عاصم رضا کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث حالات خراب ہو رہے ہیں، حکومت طلب کے مطابق فلور ملز کو سرکاری گندم کا کوٹہ فراہم کرے تو باآسانی فلور ملز طلب پوری کرسکتی ہیں۔