صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس؛ پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنانے پر زور

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

در نایاب : وزیراعلیٰ پنجاب اور کورکمانڈر لاہور کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں سکیورٹی کی صورتحال اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ 

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کی صدارت وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے کی۔ اجلاس میں سکیورٹی کی صورتحال اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لیاگیا، اس کے علاوہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کیلئے جامع سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا، جائزہ میں پولنگ سے قبل اور بعد کے مراحل کو شامل کیا گیا۔ پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنانے پر زور دیا گیا، اس کے علاوہ بیلٹ پیپرز کی محفوظ تحویل ،نقل و حمل اور سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ 
اجلاس میں پولیس، رینجرز اور فوج کے دستوں کی 3درجوں میں تعیناتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کو یقینی بنانے کا عزم کی، کمیٹی نے دہشت گردی کیخلاف سکیورٹی اداروں اور فورسز کی مشترکہ کوششوں کو سراہا، این اے پی کی روشنی میں مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے متحد ہو کر کام کرنے کا عزم کیا گیا۔ 
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات میں اسلحے کی نمائش اور نقل وحمل پر پابندی عائد ہو گی، سوشل میڈیا پر شر انگیزی پھیلانے والے عناصر کی مانیٹرنگ کی جائے گی، گیریژن ایریاز میں سیاسی جلسے، جلوس،جھنڈے اور بینرز کی اجازت نہیں ہوگی۔

چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ پولیس،انتظامیہ کی رہنمائی کیلئے چیک لسٹ اور ہینڈ بک فراہم کردی۔ 
محسن نقوی نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے اشتراک کار کو مثالی بنایا جائے گا، ووٹرز کیلئے پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ 
کور کمانڈرسید عامر رضا کا کہنا تھا کہ امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی پر پورا فوکس ہے، مختلف محکموں کے تعاون سے سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ 

اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، آئی جی پولیس،ڈی جی رینجرز پنجاب سمیت سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔