ویب ڈیسک : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے رانا ثنااللہ کو پنجاب کی سیاست سے متعلق اہم ٹاسک سونپ دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق رانا ثنا اللہ نے لندن میں نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کی ہے ، جس میں سابق وزیر اعظم نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو آئندہ انتخابات کیلئے پنجاب میں پارٹی کارکنان کو متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے ، جبکہ پنجاب میں دیگر اضلاح کے صدور کے امیدواروں کے ناموں پر بھی مشاورت ہوئی ہے ۔
رانا ثنااللہ اور لیگی قائدین کے درمیان ن لیگ کے انٹرا پارٹی انتخابات پر بھی مشاورت ہوئی ہے، نواز شریف نے رانا ثنااللہ کو مریم نواز کے ساتھ مل کر پنجاب کے مختلف شہروں میں ریلیاں اور جلسے کرنے کا بھی ٹاسک دے دیا ہے ، نواز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کو حقائق بتائے جائیں،عمران خان کے جھوٹے بیانیے کا پول کھولا جائے ۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ 28 جنوری کو نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن )مریم نواز کے ہمراہ وطن واپس پہنچیں گے ۔