نبیل ملک: شہر بھر میں آج برائلر گوشت کی قیمت میں 9 روپے اضافہ، 247 روپے فی کلو ہو گیا، فارمی انڈوں کا ریٹ مسلسل 7ویں روز بھی 152 روپے فی درجن پر مستحکم لیکن مہنگےہونے کے باعث عوام کی قوت خرید سے باہر ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری نرخنامے کے مطابق آج لاہور شہرمیں فارمی انڈوں کی 30 درجن پیٹی کی قیمت بھی مسلسل 7ویں روز 4 ہزار440 روپے پر مستحکم رہی، دیسی انڈوں کی اونچی اُڑان برقرار رہی جو 300 روپے فی درجن میں فروخت ہوتے رہے۔ زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 6 روپے بڑھ کر 162 روپے کلو ہو گیا، زندہ برائلرمرغی کاپرچون ریٹ 6 روپے بڑھ کر 170 روپے کلو ہو گیا۔ شہر کے چھوٹے بڑے بازاروں میں مچھلی کے بھی من مانے ریٹ مقرر رہے۔
کالا رہو مچھلی 250 سے 300 روپے کلو، کھگا مچھلی 250 سے 300 روپے کلو، ملہی مچھلی 400 سے 500 روپے کلو، بام مچھلی 350 سے 400 روپے کلو، سوہل مچھلی 1000 سے 1200 روپے کلو، پمفلٹ مچھلی 1200 سے 1400 روپے کلو، چڑا مچھلی 240 سے 300 روپے کلو میں فروخت جاری رہی۔ کھلے دودھ کی 90 سے 110 روپے کلو جبکہ بازار میں دہی کی 110 روپے فی کلو میں فروخت جاری رہی۔