بسام سلطان:ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف تمام ہیلتھ ایسوسی ایشنز متحد۔ حکومت کو دو ہفتے کا وقت دے دیا گیا۔ نجکاری کا عمل نہ رو کنے پر پنجاب بھر میں ہڑتال کا عندیہ دے دیا۔
شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والی تمام تنظیمیں ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف اکٹھی ہو گئیں۔ سروسز ہسپتال کے آڈیٹوریم میں اس حوالے سے پریس کانفرنس کی گئی۔ جس میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر معروف وینس، پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر اظہار چوہدری، الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کے صدر ملک منیر، ہیلتھ سپورٹس سٹاف سے حافظ دلاور،یونائیٹٹد ہیلتھ فیڈریشن سے سلمان خان، پنجاب پیرامیڈکس الائنس، ینگ نرسز ایسوسی ایشن اور دیگر تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ تمام عہدیداروں نے حکومت کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ حکومت اپناکردار ادا نہ کر سکی جس کی وجہ سے نجکاری کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔
ڈاکٹر اظہار چوہدری کا کہنا تھا کہ نان ٹیکنیکل افراد محکمے کے معاملات پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ نجکاری ختم کی جائے۔معروف وینس کا کہنا تھا کہ نجکاری معاشی قتل ہے جس سے علاج بھی متاثر ہو گا۔ملک منیر کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں کی نجکاری عملے کو بے روزگار کر دے گی۔تمام تنظیموں کے سربراہان کا کہنا تھا کہ اگر فیصلہ واپس نہیں لیا گیا تو پنجاب بھر میں احتجاجی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔