(سعدیہ خان) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے زینب کے والد کیساتھ شہباز شریف کی پریس کانفرنس کو ڈرامے بازی قرار دیدیا، کہتے ہیں کہ سانحہ قصور کے مجرم کو 8 مرتبہ پھانسی دی جائے ۔ اس کیس میں تالیوں کی سیاست نہیں کرنی چاہیے تھی۔
معروف کالم نگار منو بھائی کے گھر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ کا کہنا تھاکہ زینب جیسے واقعات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شاباش کے ساتھ کارکردگی پر بھی نظر ڈالنی ہو گی، اگر قصور کے لوگ باہر نہ نکلتے تو گذشتہ سات کیسز کی طرح اس پر بھی حکومت کی توجہ نہ پڑتی، انہوں نے زینب کے والد کو بٹھا کر پریس کانفرنس کو ڈرامے بازی قرار دے دیا۔
انہوں نے کہ اگر سپریم کورٹ کے ججز کو گالیاں دیں گے تو چھوٹی عدالتوں کے ججز دبائو میں فیصلے کریں گے، نواز شریف نے ایک ادارے کو بالعموم اور عدلیہ کو بالخصوص کھل کر جتنا کچھ کہا وہ سب گالیوں سے بد تر ہے۔
قمر زمان کائرہ کا سینٹ انتخابات پر کہنا تھاکہ سینٹ کے چھ الیکٹرول کالج کے حصے ہیں اگر اس میں ایک یا دو حصے فعال نہ ہوں تو الیکشن شیڈول کے مطابق ہو گا، اگر کے پی کے اسمبلی ٹوٹی تو صرف چئیرمین کے انتخاب میں مشکل ضرور ہو سکتی ہے۔