نجی یونیورسٹیوں کے مسائل سے متعلق گورنر ہاؤس میں اجلاس، صدر عارف علوی بھی شریک

نجی یونیورسٹیوں کے مسائل سے متعلق گورنر ہاؤس میں اجلاس، صدر عارف علوی بھی شریک
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اکمل سومرو: پنجاب کی نجی یونیورسٹیوں کے مسائل کے حل کیلئے قائم کمیٹی کا گورنر ہاؤس میں پہلا اجلاس، اجلاس میں صدر پاکستان عارف علوی اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی نجی جامعات کے مسائل کے حل کیلئے قائم کی گئی ایجوکیشن ریفارمز کمیٹی کا پہلا اجلاس گورنر ہاؤس میں ہوا جس کی صدارت گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کی۔ اجلاس میں صدر مملکت عارف علوی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
گورنر پنجاب چودھری سرور نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں فروغ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت نجی جامعات کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور آج کا اجلاس اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ حکومت نجی جامعات کے مسائل ون ونڈو کے ذریعے حل کرنے میں سنجیدہ ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت تعلیم کے شعبے میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ صدر مملکت نے نجی شعبے کی کاوشوں کو سراہا اور کہا نجی اور سرکاری جامعات کے اشتراک سے آئندہ 3 سال میں پنجاب میں ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں انقلاب برپا ہوسکتا ہے۔
صدر مملکت نے زور دیا کہ جامعات میں ریسرچ گرانٹس رائٹنگ ٹریننگ کا کلچر پیدا کرنا ہوگا جس کے جواب میں وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے بتایا کہ آئی ٹی یونیورسٹی کے تمام پروفیسرز اس شعبے میں مہارت رکھتے ہیں اور انٹر پرینول ایکو سسٹم تمام یونیورسٹیوں میں ہونا چاہئے۔
نجی جامعات ایسوسی ایشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ نجی جامعات پہلے ہی اس شعبے میں بہت کام کر رہی ہیں۔ سپیریئر یونیورسٹی اور گریژن یونیورسٹی نے مائیکرو سافٹ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے ہونے والے ایک مقابلے میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔
انہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ جامعات بین الاقوامی یونیورسٹیز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہر دم تیار ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کی سرپرستی میں قائم ریفارمز کمیٹی ایسی ریفارمز لانے میں کامیاب ہو جائیں گی جس سے ہماری جامعات اگلے چند سالوں میں کیو ایس ریٹنگ میں نظر آئیں گی۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نجی یونیورسٹیوں کو درپیش ابتدائی مسائل کمیٹی ایک ماہ میں حل کرے گی جبکہ اگلے 3 ماہ کے دوران مستقبل کا ایکشن پلان بنالیا جائے گا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب،نجی جامعات کی ایسوسی ایشن کے ترجمان میاں عمران مسعود،اویس رؤف اور میجر جنرل (ر) عبید زکریا بھی شریک ہوئے۔

Shazia Bashir

Content Writer