سٹی42: سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں عثمان ڈار کی والدہ کے اپنے گھر پر چھاپے کے دوران کپڑے پھاڑے جانے کےالزامات پر تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔
ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا معزز جج کے جمعہ کے روز کے عدالتی ریمارکس میڈیا نے رپورٹ کیے، انصاف کا تقاضا ہے کہ سیالکوٹ واقعے کی انکوائری کا حکم دیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کا انٹرا پارٹی الیکشن قانون کے مطابق نہیں ہوا، الیکشن کمیشن کے فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔کراچی میں ایم کیو ایم سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر شہباز شریف کراچی سے الیکشن لڑ رہے ہیں تو اچھی بات ہے، شہباز شریف کی سیٹ سے متعلق ایم کیو ایم سے بات ہوسکتی ہے۔
عثمان ڈار کی والدہ کے خواجہ آصف پر الزامات، خواجہ کا جواب
بانی پی ٹی آئی کے سابق دستِ راست عثمان ڈار کی والدہ نے چند روز قبل اپنے ایک ویڈیو بیان میں دعویٰ کیاتھا کہ ’ان کی جانب سے الیکشن کے لئے کاغذات جمع کرانے کا سن کر (پولیس کے) 20 لوگ ان کے گھر بھیجے گئے، زد و کوب کیا گیا لیکن کوئی مجھے زد و کوب کر کے من مانی نہیں کرا سکتا، الیکشن کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے ضرور جاؤں گی، میں جیل میں بھی جاکر الیکشن لڑوں گی‘۔
انہوں نے لیگی رہنما خواجہ آصف پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں نے گھر کا مین دروازہ توڑا اور میری قمیض کوپھاڑ ڈالا، خواجہ آصف نے ایک بار پھر میرے گھر پر حملہ کرایا، چیف جسٹس واقعے کا نوٹس لیں۔