ویب ڈیسک :بالی وڈ فلم ’فتور‘ میں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی بھارتی اداکارہ تُنیشا شرما نے ایک ٹی وی شو کے سیٹ پر خود کشی کرلی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کو اداکارہ تنیشا شرما نے ایک ٹی وی شو کے سیٹ پر خود کشی کی، انہیں ریاست مہاراشٹرا کے اسپتال فوری طور پر منتقل کیا گیا تاہم ان کی موت واقع ہوچکی تھی۔
بھارتی خبر ایجنسی اے این آئی کے مطابق اداکارہ نے ٹی وی سیریل کے سیٹ پر موجود میک اپ روم کے پنکھے سے لٹک کر خود کشی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ پہلے ہی جان کی بازی ہار چکی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ کچھ دنوں سے سیٹ پر افسردہ نظر آرہی تھیں تاہم وہ کیوں افسردہ تھیں اس کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔20 سالہ اداکارہ تنیشا نے متعدد ٹی وی سیریلز میں کام کیا جبکہ بالی وڈ فلموں میں بھی چھوٹے کردار ادا کرنے شروع کردیے تھے۔
جن فلموں میں انہوں نے معمولی کردار ادا کیے ان میں فتور، بار بار دیکھو، کہانی 2 اور سلمان خان کی دبنگ 3 شامل ہیں۔ فتور میں انہوں نے کترینہ کیف کے بچپن کا کردار ادا کیا تھا۔اس حوالے سے کوئی تفصیل سامنے نہیں آسکی ہے کہ اداکارہ نے خود کشی کیوں کی اور پولیس اس حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے۔