( جنید ریاض) سکولوں کے نان سیلری بجٹ میں لاکھوں روپے کے گھپلے سامنے آگئے، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے سکولوں کے نان سیلری بجٹ کا آڈٹ کروانے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سکولوں کے نان سیلری بجٹ میں لاکھوں روپےکے گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے سکولوں کے نان سیلری بجٹ کا آڈٹ کروانے کا فیصلہ کرلیا۔ نان سیلری بجٹ کا آڈٹ گزشتہ تین سالوں کا کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق زیادہ تر سکول سربراہان کے پاس نان سیلری بجٹ کے جمع اور خرچ کا حساب بھی موجود نہیں ہے۔
ایجوکیشن اتھارٹی نے نان سیلری بجٹ کے آڈٹ کیلئے تین رکنی کمیٹی بنادی گئی۔ مذکورہ تین رکنی کمیٹی سکولوں میں جاکر این ایس بی کا ریکارڈ چیک کریں گی۔ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے مطابق این ایس بی خورد برد کیے جانے پر متعلقہ سکول سربراہان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب ب فارم کے اندراج میں سکول سربراہان کی عدم دلچسپی پر ایجوکیشن اتھارٹی نے نوٹس لیتے ہوئے 51 سکولوں کو ڈیفالٹر قرار دے دیا ہے، مذکورہ سکولوں کی جانب سے 20 فیصد بچوں کے ب فارم کا اندراج بھی نہیں کیا گیا، ایجوکیشن اتھارٹی نے ب فارم کا اندراج نہ کرنے والے 51 سکولوں کو 2 روز کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر متعلقہ سکول سربراہان کےخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی، جبکہ ضلع لاہور میں صرف 60 فیصد بچوں کے ب فارم کے اندراج ممکن ہوسکا ہے۔