سٹی 42: کورونا ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے پر گولیاں چل گئیں۔5 افراد زخمی ہوکر ہسپتال پہنچ گئے۔
کاہنہ کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کی وجہ سے انتظامیہ اور مارکیٹ یونین میں تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے۔ کاہنہ کی نجی ہاوسنگ سوسائٹی کی مارکیٹ یونین اور انتظامیہ کے جھگڑے میں مارکٹائی کے دوران سکیورٹی گارڈز نے فائرنگ کردی جس کے بعد انتظامیہ کے سکیورٹی گارڈز گاڑی اور موٹرسائیکلیں چھوڑکر فرار ہوگئے۔
سوسائٹی انتظامیہ کا مؤقف تھا کہ مارکیٹ میں دکان دار اورریسٹورینٹ مالکان کورونا ایس او پیز کی پابندی نہیں کر رہے تھے، انتظامیہ سکیورٹی گارڈز کے ہمراہ ریسٹورینٹ بند کرانے پہنچی تو یونین کے لوگ اکٹھے ہو گئے اور تصادم شروع ہو گیا۔ یونین عہدیداروں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ ٹیکس کے نام پر بھتہ مانگتی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں،زخمیوں کی میڈیکل رپورٹ آنے پر مقدمہ درج کیاجائے گا۔
دوسری جانب کاہنہ میں ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے جنرل سٹور لوٹ لیا، ملزم 8 لاکھ روپے نقدی اور قیمتی موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے،، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 3 ڈاکو دکان میں داخل ہوئے اور لوٹ مار کرتے رہے، ڈاکو 8 لاکھ روپے نقدی اور ایک موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے، جبکہ کاہنہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی روشنی میں ملزموں کی تلاش جاری ہے۔