(عثمان خان) کرسمس آتے ہی مسیحی برادری کی تیاریاں بھی جوش پکڑنے لگتی ہیں۔ اسی سلسلے میں گر جاگھروں کی سجاوٹ کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔
چھوٹے بڑے سب ملکر کرسمس ٹری اور چرنی سجانے میں مصروف ہیں، ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں کو سجانے سنوارنے کا کام جوش و خروش سے جاری ہے۔ بچوں نے چرچ میں کرسمس ٹری کو سجایا تو بڑوں نے ہاتھ سے بنائے کرسمس کارڈز نمائش کیلئے رکھے، ہر سال کی طرح اس بار بھی مسیحی برادری نے یسوع مسیح کی پیدائش کی مناسبت سے چرچ میں چرنی بنائی ہے۔
مسیحی برادری کا کہنا ہے کہ چرنی انہیں حضرت عیسیٰ کی پیدائش کی یاد دلاتی ہے، فادر فرانسس ندیم نے کہا کہ کرسمس کا دن ان کےلیے انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ مسیحی برادری کا کہنا ہے کہ کرسمس والے دن اپنی عبادت گاہوں اور گھروں کو سجانے کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعابھی کرتے ہیں۔