ویب ڈیسک: امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے سربراہ ولیم برنس نے طالبان کے شریک بانی ملا عبدالغنی برادر سے کابل میں خفیہ ملاقات کی۔
غیر ملکی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ولیم برنس اور ملا عبدالغنی برادر کے درمیان ملاقات پیر کو ہوئی۔ اور اگر اس ملاقات کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ طالبان کی اقتدار میں واپسی کے بعد سے بائیڈن انتظامیہ کی ان سے اعلیٰ ترین سطح کی ملاقات ہو گی۔ ولیم برنس امریکی صدر جو بائیڈن کے انتہائی تجربہ کار سفارت کاروں میں سے ایک ہیں جبکہ قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ کے منصب پر رہنے والے عبدالغنی برادر کابل میں اقتدار سنبھالنے والی حکومت کے اعلیٰ رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔
سی آئی اے کے ترجمان نے اس ملاقات کی تصدیق نہیں کی اور کہا کہ ایجنسی اپنے ڈائریکٹر کے سفری امور پر کبھی بات نہیں کرتی، ذرائع نے بیان نہیں کیا کہ ملا عبدالغنی برادر اور سی آئی اے کے سربراہ کے درمیان ملاقات میں کیا بات چیت ہوئی۔جبکہ کہا جا رہا ہے کہ یہ ممکن ہے کہ بات چیت افغان دارالحکومت کے ہوائی اڈے سے امریکی انخلا کی آخری تاریخ میں توسیع پر ہوئی ہو کیونکہ طالبان کی اقتدار میں واپسی سے خوفزدہ ہزاروں افغان اب بھی ملک سے بھاگنے کی امید لیے ایئرپورٹ پر بھرے ہوئے ہیں۔