ویب ڈیسک: انٹر بینک میں ڈالر 72 پیسے مزید مہنگا، انٹربینک میں ڈالر 11 ماہ کی بلند سطح 165 روپے سے بھی تجاوز کرگیا۔
تفصیلات کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 164.43 روپے سے بڑھ کر سال 2021 کی بلند سطح 165.15 روپے پر پہنچ گیا۔ یکم جولائی2021 سے اب تک انٹربینک میں ڈالر7 روپے 61 پیسے مہنگا ہوچکا ہے۔ انٹربینک میں ڈالر جولائی 2021 کی 157.54 روپے سے بڑھ کر 165 روپے15 پیسے پر پہنچ گیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن صدر کا کہنا ہے کہ 30 جون 2021تک 157 روپے کا ایک ڈالر اب 165 روپے سے تجاوز کرگیا ہے، حکومت نے 10 کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا اعلان کیا ہے جبکہ کورونا ویکسین کے لئے 2 ارب ڈالردرکار ہیں۔ صرف کورونا ویکسین کے لئے یومیہ 30 سے 40 لاکھ ڈالر کی طلب دیکھی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے برآمدات کا ہدف 3 ارب ڈالر رکھا لیکن برآمدات 2 ارب 30 کرور ڈالر ماہانہ رہی، افغانستان کا معاملہ بھی اہم ہے اس کی وجہ سے سرمایہ کار محتاط ہوگئے ہیں۔ افغانستان میں صورتحال بہتر ہونے پر ہی پاکستان کی برآمدات بھی بڑھ سکتی ہے، اگر بڑھتی درآمدات پر قابو نہ پایا گیا تو ڈالر مزید مہنگا ہوجائے گا۔غیر ضروری درآمدات کو روکنے کے لئے اہم فیصلے کرنا ہونگے۔