ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

علماء کی زبان بندی کے احکامات جاری

 علماء کی زبان بندی کے احکامات جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عابد چوہدری) محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے لاہور پولیس نے 24 علماء کی زبان بندی کے احکامات جاری کردئیے ۔
ایس پی سیکیورٹی بلال ظفر کی جانب سے چوبیس علما کی زبان بندی کے لئے مراسلہ تمام ڈویزنل ایس پیز کو بھجوا دیا گیا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پابندی محرم الحرام کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے لگائی گئی ہے جبکہ علماء پر 60 یوم کے لئے پابندی لگائی گئی ہے۔مراسلے کے مطابق مولانا احمد لدھیانوی ، علامہ سبطین کاظمی ، مولانا اجمل قادری ، یوسف پسروری، پروفیسر ضمیر اختر نقوی ، اشرف آصف جلالی ، کاظم رضا نقوی سمیت دیگر علماء شامل ہیں۔

دوسری جانب عشرہ محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک کانفرنس ہوئی، آئی جی پنجاب نے نویں محرم اور یوم عاشور کے مرکزی جلوسوں کی ڈرون کیمروں سے فضائی مانیٹرنگ کا انتظام کرنے کا حکم دے دیا۔

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت منعقدہ کانفرنس میں صوبے کے تمام آرپی اوز اور ڈی پی اوز نے شرکت کی ۔عشرہ محرم کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں 9127جلوس اور36464مجالس منعقد ہورہی ہیں۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جلوسوں کی سیکیورٹی ڈیوٹی پر 202768 جبکہ مجالس کی سیکیورٹی پر 235185افسران واہلکارتعینات ہوں گے۔سیکیورٹی ڈیوٹی پر88129پولیس قومی رضاکار،17312سپیشل پولیس اہلکار اور 225186والنٹئیرز بھی فرائض سر انجام دیں گے۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ حساس اضلاع میں مرکزی جلوسوں اور مجالس کو ہر صورت فور لئیر سیکیورٹی فراہم کی جائے۔تمام جلوسوں اورمجالس کے طے شدہ اوقات کاراور روٹس کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔شہریوں میں احساس تحفظ کیلئے صوبہ بھر میں پولیس کی تمام فیلڈ فارمیشنز فلیگ مارچ کریں۔خواتین کی مجالس میں لیڈی کانسٹیبلز کے ساتھ لیڈی رضاکاروں سے سکیورٹی اور چیکنگ میں معاونت لی جائے۔

جلوس کے روٹس پر لائٹس اور صفائی کے انتظامات پر خاص توجہ دی جائے۔عزاداروں کی سیکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، میٹل ڈٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس سے چیکنگ کو لازمی یقینی بنایا جائے۔حساس اضلاع میں سیکیورٹی کیلئے سنائپرزاور جلوسوں و مجالس میں سادہ لباس میں کمانڈوز کو تعینات کیاجائے۔حساس جلوسوں کے مقررہ روٹس پر سنیفر ڈاگز اور میٹل ڈٹیکٹرز کے ذریعے سکیننگ اور چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer