سٹی 42:کچھ لوگ جوانی میں ہی بوڑھے ہوتے ہیں تو کچھ لوگ آخری عمر میں بھی جوانوں جیسے کام کرتے ہیں،ایسی ایک مثال نوے سالہ خاتون کی ہے جس نے اپنا کاروبار شروع کرکے نوجوانوں کو جینے کا ڈھنگ سکھا دیا۔
انڈیا ٹائمز کے مطابق اس خاتون کا نام ہربھجن کور ہے جو بھارتی پنجاب کے دارالحکومت چندی گڑھ کی رہائشی ہے۔ اب اس کی عمر 94سال ہے۔ اس نے 4سال قبل اپنا ’ بیسن کی برفی‘ اور اچار کا کاروبار شروع کیا۔ اس کا کاروبار اس قدر چمکا کہ آنند مہندر جیسے بڑے کاروباری شخص نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس عمر رسیدہ خاتون کے جذبے کی تعریف کی۔ ہربھجن کور کی گھر کی بنائی بیسن کی برفی اور اچار کی دھوم اب بھارت سے نکل کر دیگر ممالک میں بھی مچ رہی ہے۔
ہربھجن کور کی بیٹی روینہ سوری نے بتایا ہے کہ ان کی والدہ ہاﺅس وائف تھی اور اس نے کبھی کوئی ملازمت وغیرہ نہیں کی تھی۔ انہیں ہمیشہ یہ قلق رہا کہ انہوں نے زندگی میں کبھی ایک روپیہ بھی خود سے نہیں کمایا چنانچہ 90سال کی عمر میں پہنچ کر انہوں نے اپنا یہ پچھتاوا ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور گھر میں بیسن کی برفی بنا کر قریبی مارکیٹ میں فروخت کرنی شروع کر دی۔
انہوں نے پہلی بار مارکیٹ میں برفی بیچ کر 2ہزار روپے کمائے۔ ان کی بنائی برفی کو لوگوں نے اس قدر پسند کیا کہ بہت جلد اس کی مانگ بڑھ گئی۔ اب وہ برفی کے ساتھ اچار اور دیگر کئی چیزیں بھی بناتی ہیں اور ان کی مصنوعات بھارت کے علاوہ بیرون ملک سے بھی لوگ آرڈر کرتے ہیں۔