جیل روڈ (بسام سلطان) لاہور ڈینگی ہاٹ سپاٹ بن گیا جبکہ کورونا کے خطرے کے باعث 12علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤ ن لگا دیا گیا۔ لاہورڈینگی کا ہاٹ سپاٹ ایریا قرار دیا گیا ہے ،شہر میں جنوری سے اب تک ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 13 ہو گئی۔
پنجاب میں ڈینگی بخارکے 5 مزید کیس رپورٹ ہوئے،صوبے بھر میں رواں سال ڈینگی کیسز کی تعداد 39 ہوگئی،پنجاب کے 2 شہروں میں ایک ہفتے کے دوران 773 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا، لاہورسے36گھروں میں ڈینگی لاروا پایا گیاجبکہ شہر کے 43 کمرشل مقامات پرجمع پانی سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔
دریں اثنا محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ نے کورونا وائرس کے پیش نظر صوبے کے تین شہروں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون نافذ کر دیا ۔ لاہور کے 12 علاقے بھی مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون میں شامل ہیں،لاہور کی 19 ہزار538 نفوس پر مشتمل آبادی کو لاک ڈائون کیا گیا۔
لاہور کے 12 علاقوں سے 28 کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے،راولپنڈی کے 947افراد پر مشتمل 3 مقامات پر مائیکروسمارٹ لاک ڈائون لگایا گیا جہاںسے 7 کیسز رپورٹ ہوئے تھے،گوجرانوالہ کے 2 مقامات پر کیسز مثبت آنے پر 53 افرادپر مشتمل آبادی پر لاک ڈائون کیا گیا،لاک ڈائون کا اطلاق 14 دن کیلئے ہوگا، پولیس کو ڈیوٹی پر مامور کر دیا گیا۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں کورونا سے ایک بھی موت نہیں ہوئی، شہر میں وائرس سے اموات کی کل تعداد 844 جبکہ 27نئے کیسز رپورٹ ہونے سے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 48576 ہو گئی، ترجمان کے مطابق لاہورمیں 27کوروناکیسز رپورٹ ہوئے، صوبے میں کورونا وائرس سے مزیدکوئی ہلاکت نہیں ہوئی، کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 91,150 ہو چکی ہے۔
کورونا ، ڈینگی کیسز