سٹی 42:وفاقی و صوبائی وزرا نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو نشانے پر رکھ لیا۔کہتے ہیں نواز شریف جیل سے گئے تھے جیل میں ہی جائیں گے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیرون ملک جانے کی اجازت دی، نوازشریف نے ڈیمانڈ کیا کہ وہ بیرون ملک جا کرعلاج کرانا چاہتے ہیں۔ ن لیگ اس وقت بڑی زیادتی کررہی ہے، نوازشریف کےعلاج پر ن لیگ نے تماشہ بنا رکھا ہے۔ ہم نے نوازشریف کی بیماریوں کی تشخیص کی اورعلاج بھی شروع کر دیا تھا، یہاں اچھے علاج کے سبب نوازشریف کے پلیٹلیٹس بہتر ہو رہےتھے۔ ان کو آغاخان ہسپتال سے بھی علاج کرانے کی آفرکی تھی جو انہیں نے مسترد کر دی۔
یاسمین راشد نے کہا کہ نوازشریف کا علاج سروسز ہسپتال میں ہو رہا تھا، انہوں نے پہلے کہا کہ وہ اپنے ذاتی معالج سے کنسلٹ کریں گے، پھر کہا شریف سٹی ہسپتال میں علاج کرانا چاہتے ہیں، وہاں جانے کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ بیرون ملک جا کرعلاج کرانا چاہتے ہیں۔ نوازشریف حکومت اورعدالت سے کمٹمنٹ کر کے گئے ہیں، ان کی شروع سے ہی باہرجانے کی نیت تھی۔
ادھر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عدالت نے شیورٹی کو تبدیل کیا، شہباز شریف کو بلا کر نواز شریف کی واپسی کی بات کرنی چاہیے۔پہلی بات یہ ہے کہ نواز شریف جیل میں سزا کاٹ رہے تھے، واپس آئیں گے تو جیل جائیں گے، دوسری بات یہ کہ نواز شریف پلی بارگین کریں گے اور پیسے واپس کریں گے۔تیسری بات یہ ہے کہ نواز شریف عدالت سے نااہل ہیں اور الیکشن نہیں لڑ سکتے-
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کا نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہنا تھا کہ کہ اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) تیسرا قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آر او) مانگ رہی ہے۔ ن لیگ کا پہلا این آر او مشرف کے ساتھ ہوا، دوسرا وہ جو ابھی ہوا جب کہ تیسرے این آر او میں لکھ کردیا گیا ہے کہ ایک قانون کی 38 میں سے 34 شقیں نکال دیں۔