(قیصر کھوکھر) جنگ شروع بھارت کرے گا تو ختم ہم کریں گے، کشمیر تو ہمارا ہے ہی دہلی پر بھی پاکستان کا پرچم لہرائیں گے، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھارت کو خبردار کردیا۔
بھارت خبردار، پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن جنگ ہوئی تو دہلی پر بھی پاکستان کا پرچم لہرائے گا، مودی کشمیرمیں قتل عام کر رہا ہے، مودی دنیا کا دوسرا نازی بن چکا ہے، پاکستان کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہے گا۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کشمیر اس وقت پوری دنیا سے کٹ چکا ہے، کشمیریوں کی زبان بندی کیساتھ ظلم و بربریت کی انتہا کر دی گئی ہے۔
مودی گجرات کے بعد اب کشمیر میں مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے، میڈیا اور عالمی مبصرین کو کشمیر جانے کی اجازت نہیں ہے، کرتارپور راہداری کھولنا تاریخی فیصلہ ہے، اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی زبان کاٹ دی گئی ہے، صحافیوں پر بھی پابندیاں لگا دی گئی ہیں، وزیر اعظم نے کشمیریوں کی حمایت کیلئے فوکل گروپ بنا دیا، اگلے ہفتے وزیراعظم قوم سے بھی خطاب کریں گے، انکا کہنا تھا کہ بابا گورونانک کے 550ویں جنم دن پر کرتار پور راہداری کھول دی جائے گی۔
دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ قومی پرچم کا سفید رنگ ہمیں سبز رنگ کی طرح ہی عزیزہے، کل کشمیریوں کیساتھ ہندو، سکھ، مسیحی برادری نے یکجہتی دکھائی جو قومی وحدت کا ثبوت ہے۔