ن لیگ کیجانب سے صحافیوں میں راشن تقسیم

ن لیگ کیجانب سے صحافیوں میں راشن تقسیم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( فہد علی ) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ہدایت پرمسلم لیگ (ن) کے پانچ رکنی وفد نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور نائب صدر قذافی بٹ سے ملاقات کی، مستحق صحافیوں کیلئے راشن کا ٹرک دیا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک، جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر، شائستہ پرویز ملک، علی پرویز ملک اور عمران گورایہ لاہور پریس کلب پہنچے۔

 لیگی رہنماؤں نے مستحق صحافیوں کیلئے راشن کا ایک ٹرک صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری کے حوالے کیا۔ ن لیگی وفد کا کہنا تھا کہ قیادت کی ہدایت پر لاہور پریس کلب آئے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت غلطیاں کر رہی ہے، چیف سیکرٹریز کو کوکا کولا کی طرح تبدیل کیا جارہا ہے۔ کورونا وائرس آنے اور اس سے پہلے بھی ملک کے معاشی حالات درست نہ تھے، اس صورتحال میں سب سے زیادہ میڈیا ورکرز متاثر ہوئے ہیں۔

دوسری جانب لیگی ایم این اے رانا مبشر اقبال، لیگی رہنما طلحہ برکی اور سابق ڈپٹی میئر راو شہاب الدین نے ضرورت مند افراد میں راشن تقسیم کیا۔

راشن برکی روڈ ڈیری غلام مصطفی بھٹی کے ڈیرے پر تقسیم کیا گیا۔ لیگی ایم این اے مبشر اقبال کا کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف کی جانب سے راشن ان کے حلقہ کے ضرورت مند افراد میں تقسیم کیا جائے گا۔

لیگی رہنما طلحہ برکی کا کہنا تھا کہ راشن برکی، ہڈیارہ اور ملحقہ آبادی کے 4 ہزار ضرورت مند افراد میں تقسیم کیا جائے گا۔

سابق ڈپٹی میئر راؤ شہاب الدین نے کہا کہ مشکل وقت میں جتنی ہوسکتا ہے مدد کررہے ہیں۔ ان حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔

راشن تقسیم کرنے کے موقع پر علی اصغر سندھو، سعید برکی، سعید ہڈیارہ، صابر نمبردار، اعظم بھٹی اور غلام فرید گجرموجود تھے۔