(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے تیاری کرلی ہے، آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں برسانے کے لیے جدید طریقہ استعمال کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر رانا ثناءاللہ کا بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب چیئرمین پی ٹی آئی نے وفاقی وزیر داخلہ کو دھمکی دی کہ اس مرتبہ رانا ثنا اللہ کو اسلام آباد میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، اس حوالے سے رانا ثنا اللہ نے عمران خان سے متعلق کہا کہ ایک نفسیاتی شخص سے آپ کیا بات کرسکتے ہیں، ریڈ زون پی ٹی آئی کی وجہ سے نہیں کسان اتحاد کے احتجاج کے پیش نظر سیل کیا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ’خان صاحب جب آنے کا ارادہ ظاہر کریں گے اُس کے بعد نئے سرے سے جو بھی اقدامات ہوں گے ہم کریں گے، آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں برسانے کے لیے جدید طریقہ استعمال کیا جائے گا، ڈرون کے استعمال پر بھی غور کیا جائے گا، صوبوں سے پولیس مانگی ہے اگر انکار کیا تو اُن کے خلاف کارروائی ہوگی۔