(عابد چوہدری)شہر میں خواتین کو حراساں کرنے کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
گزشتہ چند ماہ میں خواتین کو حراساں کرنے کے واقعات معمول بن گئے ہیں، ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ کوئین میری کالج کے باہر پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ڈولفن ٹیم کو کوئین میری کالج کی طرف سے 15کی کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ اوباش نوجوان چھٹی کے وقت سٹوڈنٹس سے نازیبا حرکات کر رہا ہے اور اس کے دوان طالبات میں گھس کر دست درازی کرتا رہا۔
ڈولفن ٹیم نے فوری کارروائی کی اور لڑکیوں کی نشاندہی پر وقار نامی اوباش ملزم کو تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ خواتین یا سکول انتظامیہ کسی بھی ایسے واقعے کی 15پر فوری اطلاع کریں۔
واضح رہے کہ قبل ازیں بھی گلشن راوی کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار نامعلوم نوجوان کی خاتون کو ہراساں کرنے کی ویڈیو منظرعام پر آئی تھی،گلی میں پیچھا کرنیوالا موٹر سائیکل سوار نوجوان گلی کے کنارے پر کھڑے ہو کر فحش حرکت کررہا تھا، پولیس نے خاتون کے خاوند کی مدعیت میں نامعلوم نوجوان کےخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ اس قسم کے واقعات پورے معاشرے کے لئے سوالیہ نشان ہیں۔