ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بے نامی لگژری گاڑی مالکان کیلئے شکنجہ تیار

بے نامی لگژری گاڑی مالکان کیلئے شکنجہ تیار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( رضوان نقوی ) دولت چھپانے کیلئے رشتہ داروں اور قابل بھروسہ ملازموں کے نام پر گاڑیاں رجسٹرڈ کروانے والوں کے گرد گھیرا تنگ، ایف بی آر کے لاہور میں قائم بے نامی زون نے 17 بے نامی لگژری گاڑیوں کے مالکان کو شوکاز نوٹسز جاری کردئیے، گاڑیوں کی دستاویزات اور خریداری کیلئے کی گئی ادائیگیوں کا ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے۔

مہنگی ترین گاڑیاں خرید کر قریبی رشتہ داروں اور رازدان ملازموں کے نام پر رجسٹرڈ کروانے والوں کی شامت آگئی ہے۔ ایف بی آر کے لاہور میں قائم بے نامی زون نے بے نامی لگژری گاڑیوں کے مالکان کیلئے شکنجہ تیار کرلیا ہے۔ ابتدائی طور پر سترہ لگژری بے نامی گاڑیوں کے مالکان کو شوکاز نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بے نامی زون نے 9 بے نامی لینڈ کروزر، 2 فارچونر، ایک اوڈی کار جبکہ 5 ہائی لکس ریوو گاڑیوں کے بے نامی داروں کو نوٹسز بھجوا کر تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ لگژری گاڑیاں فروری 2014 سے دسمبر 2018 تک رجسٹرڈ ہوئیں، ایف بی آر نے ان 17 گاڑیوں کے مالکان کو گوشوارے جمع کرانے کیلئے بارہا نوٹسز جاری کئے تاہم انہوں نے گوشوارے جمع نہ کروائے۔

لگژری گاڑیوں کے مالکان بے نامی زون کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے تو گاڑیاں اٹیچ کروادی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بے نامی زون کا نوٹس موصول ہونے کے بعد گاڑیوں کے مالکان گاڑیاں فروخت بھی نہیں کرسکیں گے۔ یہ گاڑیاں بے نامی ثابت ہونے پر ریفرنس ایڈجوڈیکیٹنگ اتھارٹی کو ارسال کیا جائے گا۔