( سٹی 42 ) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی کمی کی ابتدائی تشخیص ہوگئی، اُنہیں خون کے خلیوں میں ٹوٹ پھوٹ کا امیون تھرمبوسائیٹوپینیا مرض لاحق ہے۔
سروسز ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صحت میں بہتری آنے کے بعد طبیعت ایک بار پھر تشویشناک ہو گئی، پلیٹ لیٹس کی تعداد صرف 7 ہزار رہ گئی، ڈاکٹرز نے دوبارہ پلیٹ لیٹس لگانے کا فیصلہ کیا۔سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی کمی کی ابتدائی تشخیص ہوگئی جس کے بعد اُن کا باقاعدہ علاج شروع کردیا گیا، نوازشریف کو مختلف ٹیسٹوں کیلئے آج پی کے ایل آئی لے جایا جائے گا جہاں ان کے بون میرو ٹیسٹ ہونگے، ٹیسٹ کے بعد نواز شریف کو دوبار سروسز ہسپتال منتقل کردیا جائے گا۔
کراچی سے خصوصی طور پر بلوائے گئے ڈاکٹر طاہرشمسی کے چیک اپ کے بعد نواز شریف کے مرض کی ابتدائی تشخیص ہوئی، ڈاکٹروں کے مطابق ان کو لاحق مرض کا علاج انجکشنز اور ٹیبلٹس سے ممکن ہوسکتا ہے، نواز شریف کے علاج کے حوالے سے میڈیکل بورڈ کا آج دوبارہ اجلاس ہوگا، ڈاکٹر طاہر شمسی آج لاہور میں قیام کریں گے۔
کل رات مریم نواز کو والد کی عیادت کیلئے کوٹ لکھپت جیل سے سروسز ہسپتال لایا گیا تھا، ملاقات میں دونوں آبدیدہ ہوگئے، مریم نواز کی طبیعت بھی ناساز ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں ہسپتال داخل کرلیا گیا تھا، آج صبح انہیں دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ منگل کے روز پلیٹ لیٹس کی مقدار دو ہزار ہونے پر 6 رکنی میڈیکل بورڈ کی ایڈوائز پر میگا یونٹ لگا دیا گیا تھا جس سے نواز شریف کی پلیٹ لیٹس کی تعداد 25 ہزار تک بڑھ گئی تھی جوا ب دوبارہ کم ہوکر 7 ہزار رہ گئی،22 اکتوبر کو سینئر پروفیسرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ کے ساتھ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور سیکرٹری سپیشلائزد ہیلتھ بھی سروسز ہسپتال پہنچے اور علاج معالجے کا جائزہ لیا تھا،میڈیکل بورڈ میں شامل پروفیسرز نے نواز شریف کی صحت کی بحالی کیلئے وائس چانسلرز سے بھی مشاورت کی اور ایڈوائس لی تھی۔