(سٹی 42) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کیخلاف ایک اور کھاتہ کھل گیا۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے آزادی فلائی اوور کی تعمیر میں مبینہ گھپلوں کی تحقیقات شروع کردیں۔
تفصیلات کے مطابق آشیانہ سکینڈل میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کیخلاف ایک اور کھاتہ کھل گیا، محکمہ اینٹی کرپشن نے آزادی فلائی اوور منصوبہ کی تحقیقات شروع کردیں۔ محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم ادائیگیوں اورتعمیر میں استعمال ہونے والے میٹریل کے استعمال کا جائزہ لے گی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے آزادی فلائی اوور کے ٹینڈرز کی تفصیلات بھی طلب کرلیں، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی ٹیم شہباز شریف کے 10سالہ دورِحکومت کے تمام بڑے منصوبوں کی تحقیقات کر رہی ہے
واضح رہے کہ 5 اکتوبر کو نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا اور اُنہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا۔ اگلے روز انہیں احتساب عدالت پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔نیب نے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر شہباز شریف کو احتساب عدالت میں دوبارہ پیش کیا تھا اور 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی تھی۔