سٹی42: وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ایئر ایمبولینس جلد شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کے لئے جون تک کی ڈیڈ لائن طے کر دی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے یہ حکم ایئر ایمبولینس اور ایمرجنسی سروسز سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس میں جاری کیا۔ وزیراعلیٰ کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں ایئر ایمبولینس اور ایمرجنسی سروسز سے متعلق امور پر ڈاکٹر رضوان نصیر نے بریفنگ دی۔
اجلاس میں سی پی آر ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی کے طلبہ کو ہارٹ ا ٹیک کی فرسٹ ایڈ ٹریننگ دی جائے گی۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ دوردرازعلاقوں میں ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو شفٹ کرنے کیلئے ایئرایمبولینس سروس استعمال کی جائے گی۔
ڈاکٹر رضوان نے بریفنگ میں بتایا کہ ایئر ایمبولینس سروس کے لئے موک ایکسرسائز کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ ایئر ایمبولینس سروس کے لئے ڈاکٹروں اور سٹاف کی ٹریننگ جاری ہے۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز رضوان نصیر نے ایئر ایمبولینس سروس اور سی پی آر ٹریننگ پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق، ڈاکٹر عدنان خان، سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، سیکرٹری ایمپلی منٹیشن دانش افضال اور دیگر موجود تھے۔