مانیٹرنگ ڈیسک: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ آج اپنی اہلیہ بشریٰ بیگم کے ساتھ عدالت میں پیشی کیلئے اسلام آباد جارہے ہیں اور ممکن ہے کہ انہیں گرفتار کرلیا جائے۔
کارکنوں سے ویڈیو خطاب میں عمران خان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پر ہماری حمایت کرنے والوں کو گرفتار کیا گیا، اس وقت پاکستان میں جو ہورہا ہے ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا، کہا جارہا ہے کہ کورکمانڈرہاؤس اور دیگر مقامات پر ہماری جماعت نے آگ لگائی، ہم تو چاہتے ہیں امن ہو اور الیکشن ہو انتشار تو کوئی اور چاہ رہا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ یہ پہلے بھی ہوچکا ہے کہ واقعات کا فائدہ اٹھا کر مخالف کو ختم کردو، یہ جان کر فضا بنا رہے ہیں کہ دوبارہ گرفتار کریں تو لوگ خوفزدہ ہو کر کھڑے نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ جو مرضی کرلیں چیلنج کرتا ہوں جب الیکشن کرائیں گے ہم جیت جائیں گے، نگران حکومت اب غیرقانونی ہوچکی، وہ تو ان کی پراکسیز ہیں، نگران حکومت اور آئی جیز پر کیسز ہوں گے، یہ ابھی جو بھی کرنا ہے کرلیں بعد میں جیلوں کے بڑے چکر لگانے پڑیں گے، کل اسلام آباد جا رہا ہوں قانون تو ہے نہیں یہ کسی بھی چیز پر گرفتار کر سکتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ کورکمانڈر ہاؤس جل گیا اس پر بھی انکوائری نہیں ہوئی ، کور کمانڈر ہاؤس میں سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوں گے دیکھیں توکس نےجلایا، سب سے زیادہ خطرہ مجھے ہے ان کے راستے میں تو میں کھڑا ہوں، شریف مافیا نے عدلیہ کو تقسیم کرنے کی پوری کوشش کی، اب پھر ان کی کوشش ہے کہ عدلیہ کو تقسیم کریں، ہمیں پاکستان کا سپریم کورٹ بچائے گا۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج اسلام آباد پہنچیں گے، گزشتہ روز عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں شاملِ تفتیش ہونے کے لیے نیب راولپنڈی کو آگاہ کردیا تھا۔ نیب کو لکھے گئے خط کے مطابق وہ دن 11 بجے نیب راولپنڈی پہنچیں گے۔ نیب راولپنڈی آنے سے قبل عمران خان انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پیش ہوں گے۔