( سعود بٹ ) وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا، صوبائی وزیر نے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کردی۔
ترجمان محکمہ انرجی کے مطابق وزیر توانائی نے اپنے آپ کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا۔ خاندان کے باقی افراد کی ٹیسٹ رپورٹ آج شام تک آجائے گی۔
ترجمان کے مطابق وزیر توانائی اپنے چاہنے والوں کو سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے با خبر رکھیں گے۔ وزیر توانائی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر چاہنے والوں سے جلد صحت یابی اور دعاوں کی اپیل کی ہے۔
I have been tested positive for COVID-19. I am self quarantined at my house. Kindly remember me in your prayers. I will keep you updated here. #COVIDー19 #coronavirus #FightAgainstCOVID19 @GOPunjabPK
— Minister Energy Punjab (@PunjabEnergy) May 23, 2020
دوسری جانب تمام تر اقدامات کے باوجودکورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے، پنجاب میں 1073 نئے کیس رپورٹ ہونے سےمتاثرہ افراد کی تعداد 18455 ہو گئی، لاہور میں بھی کورونا وائرس کے 499 نئے مریض سامنے آگئے، شہر میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 8777 تک پہنچ گئی، لاہور میں 24گھنٹوں کےدوران موذی وائرس نے مزید 7 افراد کی جان لےلی۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکے مطابق لاہور میں کورونا وائر س سے اب تک 116 اموات ہوچکی ہیں۔پنجاب بھر کےشہروں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 499 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک 310 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ اب تک 191910 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرنے عوام سے گزارش کی ہے کہ خود کومحفوظ رکھنے کیلئے گھروں تک محدودرہیں، کورونا وائرس کی علامات ظاہرہونے پر فوری کورونا ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔