مال روڈ (قذافی بٹ) پنجاب حکومت نے لاہور میں لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کرلیا، تعلیمی اداروں میں چھٹیاں بھی بڑھائی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے شہر میں کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر دوہفتے کے لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ، کورونا کے مریض جس علاقے میں زیادہ ہوں گے، وہاں کی مارکیٹس بھی بند کی جائیں گی، مارکیٹوں کے اندر مقررہ اوقات میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایس او پیز پر عملدر آمد کیلئے مارکیٹوں کے سرپرائز وزٹ بھی کئے جائیں گے، لاہور کے شہریوں کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا جائے گا ۔
دوسری جانب وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو مزید بند کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ این سی او سی کےآج 24 مارچ کو ہونے والے اجلاس میں ہوگا جس میں تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم آن لائن شرکت کریں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر تشویشناک ہے، محتاط رہنے کی ضرورت ہے، بچوں اور اساتذہ کی صحت اولین ترجیح ہے, خواہش ہے کہ تعلیمی ادارے کھلے رہیں، کیونکہ تعلیمی اداروں میں تدریس اور آن لائن تعلیم میں فرق ہے، رواں سال 9ویں سے 11ویں تک امتحانات ہونگے بغیر امتحانات اس سال بچوں کو پاس نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ملک میں جہاں دوکروڑ بچے پہلے ہی سکول نہ جارہے ہوں ایک سال میں بچوں کا بے پناہ تعلیمی نقصان ہوا ہے، ہمارے لئے تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ کافی مشکل تھا۔
واضح رہے کہ لاہور سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے باعث کئی پابندیاں دوبارہ نافذ کی گئی ہیں، پاکستان میں اب تک کورونا سے 13 ہزار 935 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں جبکہ 6 لاکھ 33 ہزار 741 قاتل وائرس کورونا کا شکار ہوچکے ہیں، ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 34 ہزار 535 ہے، 5 لاکھ 85 ہزار 271 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں.