سٹی42: یوم پاکستان کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب،وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے دن آغاز، مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل ندیم اختر خان نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے۔
تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے ۔ یوم پاکستان کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل ندیم اختر خان نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے، پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے ۔
مزار اقبال پر ایئر فورس کے دستے نے سلامی دی، نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں لاہور اور پشاور میں 21،21توپوں کی سلامی دی گئی وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے دن آغاز کیا گیا۔
محفوظ شہید گریژن میں بھی 23 مارچ کے حوالے سے 21 توپوں کی سلامی سے صبح کا آغاز ہوا ، پاک فوج کے چاک و جوبند دستے نے سلامی دی ۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور دعا سے ہوا ملکی سلامتی کے لیے دعائیں مانگی گئی پاک فوج کے جوانوں کے نعروں سے فضاءگونج اٹھی۔
آج ہی کے دن 23 مارچ 1940 کوہندوستان کے مسلمانوں نے انگریز کی غلامی کا طوق اتار پھینکنے کا فیصلہ کیا تھا آج کے دن منٹو پارک لاہور (مینار پاکستان) میں قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں نے پاکستان کے قیام کی قرار داد منظور کی۔
یوم پاکستان کی مناسبت سے ملک بھر میں سبز پرچموں کی بہار آئی ہوئی ہے اور لوگ ملی جوش و جذبے کے ساتھ اس تاریخی دن کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔ کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں رات کو 12 بجتے ہی شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔