( شاہد ندیم ) سوئی ناردرن گیس کمپنی نے کورونا وائرس کی وجہ سے ڈیلی ویجز سمیت تمام ملازمین کو پچیس تاریخ تک تنخواہ دینے کا اعلان کر دیا۔
ایس این جی پی ایل کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے کمپنی نے ملازمین کو قبل از وقت تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
سوئی ناردرن کے مراسلے کے مطابق ڈیلی ویجز ملازمین کو بھی مارچ کے پورے مہینے کی تنخواہ دی جائیگی، یہ تنخواہ بھی پچیس مارچ تک ڈیلی ویجز ملازمین کو فراہم کردی جائیگی۔
ذرائع نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مزدور آدمی کی زندگی زیادہ متاثر ہوگی جس کی وجہ سے مزدوروں کو جلد تنخواہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 884 تک جا پہنچی ہے جبکہ مہلک وائرس سے اب تک 6 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں جن میں سے 4 کا تعلق سندھ اور 2 کا اسلام آباد سے ہے۔
پنجاب میں آج مزید 24 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 246 ہوگئی ہے۔ ڈی جی خان 177، لاہور 52، گجرات 4، گوجرانوالہ 4، جہلم 3، راولپنڈی 2، ملتان 2 اور سرگودھا میں کورونا وائرس کا ایک مریض ہے۔