ہائیکورٹ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہدایات جاری کردیں

ہائیکورٹ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہدایات جاری کردیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ملک اشرف ) پنجاب حکومت کے چودہ روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان، پنجاب کے تمام سیشن ججز کو دو ہفتوں کیلئے ضروری کیسز کی سماعت کیلئےججز تعینات کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی منظوری کے بعد رجسٹرار بہادر علی خان نے تمام سیشن ججز کو آگاہ کیا۔ ہائیکورٹ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق پنجاب بھر میں خدمات سرانجام دینے والی خواتین ججز کو ڈیوٹی سے استثنی مل گیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن ججز درخواست ضمانت بعد از ضمانت، حبس بے جا کی درخواستوں کی سماعت کریں گے۔ پنجاب کے سول ججز اور مجسٹریٹس عبوری ضمانت، ریمانڈ سے متعلق کیسز کی سماعت کریں گے جبکہ کوئی بھی کیس عدم پیروی پر خارج نہیں کیا جائے گا۔

عدالت عالیہ کی جانب سے پنجاب بھر میں خواتین عدالتی ملازمین کو بھی حاضری سے استثنی دیا گیا ہے۔ پنجاب بھر کی عدالتوں میں کوئی بھی داخل نہیں ہوگا، سائل بھی صرف شدید ضروت کے پیش نظر داخل ہوسکے گا۔ سیشن ججز متعلقہ بارز کے صدور اور سیکرٹریز سے ملاقات کریں گے۔

جوڈیشل ریمانڈ سے متعلق مجسٹریٹ جیل کا دورہ کرکے فیصلہ کریں گے۔ عدالتوں میں تمام عملہ ماسک پہنے گا۔ ہر عدالت کے باہر ایک سینی ٹائزر رکھا جائے گا، ہر گزرنے والا ہاتھوں کو جراثیم کش کرکے ہی داخل ہوسکے گا۔عدالتیں روزانہ مقدمات کی سماعت صبح 10بجے تک مکمل کریں گی۔