23 مارچ یوم تجدید عہد وفا، برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ کا سنہرا دن

23 مارچ یوم تجدید عہد وفا، برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ کا سنہرا دن
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی42)  23 مارچ 1940 ہماری تاریخ کا وہ سنہرا دن ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، اس دن نے مسلمانان ہند کی تقدیر بدل دی تھی، ہم اس دن کو یوم پاکستان کے نام سے یاد کرتے ہیں اور ہر سال محب وطن اس دن کو انتہائی جوش وجذبے سے مناتے ہیں۔

خدا کرے میری ارض پاک پہ اترے  ،   وہ فصلِ گل جسے اندیشہ زوال نہ ہو

ہماری تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں ہے، اس روز آل انڈیا مسلم لیگ کے 34 ویں سالانہ اجلاس میں مسلمانوں کے لیے الگ وطن کی قرارداد منظور کی گئی۔ جسے قرارداد لاہور بھی کہا جاتا ہے، جس کے چند سال بعد ہی برصغیر کے مسلمانوں نے ہندوئوں اور انگریزوں کی ایزا رسائیوں سے نجات حاصل کرلی اور اپنی ایک الگ ریاست بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

آج پاکستان سمیت لاہور میں 78 واں یوم پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، یوم پاکستان کی مناسبت سے لاہور میں دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان بھر کی طرح لاہور میں بھی ایک الگ اور آزاد وطن کے حصول کی بے مثال جدوجہد کرنے والے قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف تقاریب کا انعقاد  کیا جارہا ہے۔ سرکاری ونجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے ہیں، یوم پاکستان کے موقع پر لاہور میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، تفریح گاہوں اور عوامی مقامات پرپولیس کی نفری بڑھادی گئی ۔

بادشاہی مسجد کے سائے تلے مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاک فضائیہ کے بینڈ نے قومی ترانہ دھنوں کی صورت میں بجایا، پنجاب رینجرز اور پاک فضائیہ کے دستے نے سلامی پیش کی۔ پنجاب رینجرز کے جوانوں کی جگہ پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

گزشتہ رات 12 بجے مینار پاکستان پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، شہریوں کی بڑی تعداد نے رنگ و نور میں نہائے گریٹر اقبال پارک کا نظارہ کیا۔اس موقع پر شہریوں کا کہنا تھا کہ دشمنان وطن کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم آج بھی متحد ہے اور ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہے