اوشین گیٹ نے آبدوز ٹائٹن میں سوار 5 افراد کی موت کی تصدیق کردی

اوشین گیٹ نے آبدوز ٹائٹن میں سوار 5 افراد کی موت کی تصدیق کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مانیٹرنگ ڈیسک: بحراوقیانوس میں ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کیلئے جانے والے سیاحوں کی لاپتہ آبدوز ٹائٹن کا ملبہ ملنے کے بعد آبدوز کی مالک کمپنی اوشین گیٹ نے اس میں سوار دو پاکستانیوں سمیت پانچوں افراد کی موت کی تصدیق کردی ہے۔

ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کیلئے جانے والی بدقمست آبدوز ٹائٹن کی مالک کمپنی اوشین گیٹ نے باضابطہ بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’افسوس کہ ہم پانچوں افراد کو ہمیشہ کیلئے کھو چکے ہیں۔‘

 کمپنی اوشین گیٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’"اب ہمیں یقین ہے کہ  ہم ہمارے سی ای او اسٹاکٹن رش، شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد، ہیمش ہارڈنگ  اور پال ہنری نارجیولیٹ  کو کھو چکے ہیں۔’’

کمپنی کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یہ تمام لوگ سچے ایکسپلورر تھے جنہوں نے مہم جوئی کا ایک الگ جذبہ دکھایا۔ اس المناک وقت میں ہمارے دل ان پانچوں روحوں اور ان کے خاندان کے ہر فرد کے ساتھ ہیں۔ ہمیں جانی نقصان کا غم ہے۔‘

کمپنی کا کہنا ہے کہ ’’یہ ہمارے ملازمین کے لیے انتہائی افسوسناک وقت ہے جو اس نقصان پر افسردہ اور غمزدہ ہیں۔ ہم احترام کے ساتھ دعا گو ہیں کہ اس انتہائی تکلیف دہ وقت میں ان خاندانوں کی رازداری کا احترام کیا جائے۔"

خیال رہے کہ پانچوں افراد کی موت کی تصدیق سے کچھ دیر قبل ہی سمندر کی تہہ میں ملبہ ملنے کی خبر سامنے آئی تھی جس کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ یہ لاپتہ ہونے والی آبدوز ٹائٹن کا ہی ہے۔

جو ملبہ دریافت ہوا اس میں ٹائٹن کا لینڈنگ فریم اور پچھلا حصہ شامل ہے۔ فی الحال یہ تفصیل سامنے نہیں آئی کہ ملبے کو نکالنے کیلئے آپریشن کس نوعیت کا ہوگا اور پانچوں افراد کی لاشیں مل سکیں گی یا نہیں۔

امریکی کوسٹ گارڈ نے بھی آبدوز میں موجود مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ امریکی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ ٹائی ٹینک کے ملبے کے قریب آبدوز کا ملبہ ملا ہے، ماہرین اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔