( سٹی 42 ) قومی کرکٹ ٹیم کے مزید سات کھلاڑیوں اور ایک آفیشل کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا، پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کہتے ہیں کہ انگلینڈ کرکٹ کھیلنے جارہے ہیں کھلاڑیوں کی صحت و تندرستی سب سے زیادہ عزیز ہے۔
دورہ انگلینڈ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا، سات مزید کھلاڑیوں اور ایک ٹیم آفیشل کے کرونا وائرس ٹیسٹ پازیٹیو آگئے۔ وکٹ کیپر محمد رضوان، وہاب ریاض، محمد حفیظ، محمد حسنین، کاشف بھٹی، عمران خان سینئر اور مساجر ملنگ علی کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ پی سی بی نے تمام کھلاڑیوں اور مساجر کو سیلف آئسو لیشن کا کہہ دیا۔
چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان نے ویڈیو لنک کانفرنس میں کھلاڑیوں کے ٹیسٹ پازیٹیو آنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم انگلش بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اس وقت رسک ہے مگر ہمیں اگلے ڈیڑھ دو سال اس وائرس کے ساتھ رہنا ہے اس لئے احتیاط کے ساتھ سرگرمیاں شروع کرنے کے حق میں ہیں۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ پازیٹو آئے ہیں ان کے جولائی میں دوبارہ ٹیسٹ کروائیں گے جس کھلاڑی کا ٹیسٹ نیگیٹیو آئے گا اسے انگلینڈ بھجوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 28 جون کو بہترین اور متوازن اسکواڈ انگلینڈ جائے گا۔
چیف ایگزیکٹیو پی سی بی کا کہنا تھا کہ انگلش بورڈ کے علاوہ ویسٹ انڈیز بورڈ حکام سے بھی رابطے میں ہیں، انگلینڈ میں اس وقت صورت حال بہتر ہورہی ہے۔ وزیراعظم نے بھی چیئرمین کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ انگلینڈ جانے کی اجازت دی ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز تین کرکٹرز حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب خان کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے تھے۔ ٹیسٹنگ سے قبل تینوں کھلاڑیوں میں کوویڈ کی کوئی علامات نہیں پائی گئی تھیں۔ تینوں کھلاڑیوں کو فوری طور پر قرنطینہ میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے، پی سی بی کا میڈیکل پینل اس سلسلے میں کھلاڑیوں سے مکمل رابطے میں ہے۔
راولپنڈی میں کوویڈ ٹیسٹنگ کرانے والے دیگر دو کھلاڑیوں عثمان شنواری اور عماد وسیم کا ٹیسٹ منفی آیا ہے جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو 24 جون کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔