لوڈ شیڈنگ کے ستائے لاہوریوں کیلئے اچھی خبر

لوڈ شیڈنگ کے ستائے لاہوریوں کیلئے اچھی خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( شاہد ندیم ) لیسکو نے شہر کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے عارضی طور پر مستثنیٰ قرار دے دیا، ڈیمانڈ سے زیادہ سپلائی ہونے کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ ختم کی گئی۔

گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی شہر میں بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے نیشنل پاور کنٹرول سینٹر نے لیسکو کا اضافی بجلی فراہم کر رکھی ہے۔ لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا ہے کہ شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی تاہم تکنیکی خرابی اور ضروری ترقیاتی کاموں کی وجہ سے بجلی بند کرنے کو لوڈشیڈنگ نہیں کہا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی اس وقت کیٹیگری تھری اور فور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کر رہی ہے،تیس اور چالیس فیصد تک لائن لاسز والے علاقے مذکورہ کیٹیگریز میں شامل ہیں۔ لیسکو چیف  کہتے ہیں کہ کمرشل و صنعتی صارفین کی کم طلب کی وجہ سے اضافی بجلی موجود ہے۔ اس وقت کمپنی کی ڈیمانڈ 4200 جبکہ فراہمی 4350 میگا واٹ ہے جبکہ لیسکو 3900 میگا واٹ پر سسٹم کو چلا رہی ہے۔

دوسری جانب سمن آباد کے علاقے سے لیسکو کے ٹرانسفارمرز چوری کرنیوالا گروہ رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے، لیسکو سمن آباد سب ڈویژن کا ٹرالی ٹرانسفارمر چوری کرتے ہوئے ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ ٹرالی ٹرانسفارمر کو ٹریکٹر کیساتھ چوری کرنے کی کوشش کی گئی۔

ایس ڈی او سمن آباد شاہد نذیر نے بتایا کہ عباس علی نامی شخص ٹریکٹر کے ذریعے ٹرالی ٹرانسفارمر کو چوری کر رہا تھا، لیسکو ملازمین نے چور کو ٹریکٹر اور ٹرالی ٹرانسفارمر سمیت پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹرانسفارمر چور گینگ کیخلاف مقدمہ درج کروائیں گے۔