فیروز پور روڈ (علی ساہی) آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پر ایم ڈی راؤ سردار علی خان کی زیر صدارت سیف سٹیز میں اہم اجلاس، کرائم ہاٹ سپاٹس کی کیمروں سے مانیٹرنگ اور وارڈنز کو جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف کاروائیوں کی ہدایت کی گئی۔
لاہور پولیس کو سیف سٹیز طرز پر جدید اور مؤثر بنانے کے حوالے سے منصوبہ بندی کے اجلاس میں سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ کرائم ہاٹ سپاٹس کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے سخت مانیٹرنگ کی جائے، ون ویلنگ اور پتنگ بازی کے خلاف ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ایم ڈی سیف سٹی راؤ سردار کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر فرقہ واریت اور انتہا پسندی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی تیز کی جائے گی، پولیس کی تمام ڈویژنز کو کرائم ہیٹ میپ استعمال کرنے کی ہدایات دی جائیں۔
سی ای او کامران خان کا کہنا تھا کہ افسروں اور پولیس اہلکاروں کو ایل ٹی ای ہینڈ سیٹ کے استعمال کی ٹریننگ دی جائے گی، پیرو اور ڈولفن فورس کے لیے بائیو میٹرک حاضری اور ایچ آر ایم ایس روسٹر بنانے کے لئے سیف سٹیز کی خدمات سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔
سی ای او کامران خان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرون کیمروں کی مدد سے پتنگ بازوں کے خلا ف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، لاہور پولیس کی مدد سے محرم روٹس پر لگے سیف سٹیز کیمروں کی ڈائریکشن کے لیے سروے کا بھی فیصلہ کیا گیا، ٹریفک وارڈنز کو غیر نمونہ اور جعلی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ حکومتی پابندی کے باوجود لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل جاری ہے، یہ خونی کھیل جہاں ہماری ثقافت، معاشرتی استحکام اور اسلامی اخلاقیات کو بگاڑنے کا سبب بن رہا ہے.افسوسناک امر یہ ہے کہ پتنگ کی دھاتی ڈور سے کٹ کر جاں بحق ہونے والے افراد کی اکثریت ان لوگوں کی ہے جو نہ پتنگ اڑاتے ہیں اور نہ ہی ان کا مقصد پتنگ لوٹنا ہوتا ہے۔