(مانیٹرنگ ڈیسک) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نجی شعبے کو باضابطہ طور پر گندم کی درآمد کی اجازت دیدی ہے تاکہ مارکیٹ میں گندم اور آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جاسکے۔
ای سی سی کا اجلاس مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت ہوا، صوبوں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ فوری طور پر گندم جاری کرنے کی پالیسی کا اعلان کریں پنجاب 9 لاکھ ٹن گندم آئندہ دو ماہ میں فلور ملز کو جاری کرے گا جس کی ریلیز پرائس پنجاب حکومت طے کرے گی حکومت سندھ سے کہا جائے گا کہ وہ بھی اپنی پالیسی کا اعلان کرے پاسکو خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی گندم کی ضروریات کا تعین کرے گا اور طے شدہ اہداف کے تحت گندم کی سپلائی بہتر بنائی جائے گی، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے درمیان گندم کی نقل وحمل کو آسان بنایا جائے گا۔
ای سی سی نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کیلئے 2.5ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی تاکہ میٹرو بس کے آپریشن میں جو وفاق کا حصہ ہے اسے پورا کیا جاسکے، اسلام آباد پولیس کیلئے بھی 236.4 ملین روپے کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دی گئی تاکہ شہداء کے خاندانوں کے واجبات ادا کئے جاسکیں، رواں مالی سال کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے بھی اسلام آباد پولیس کو 105.621اور 60.581 ملین کی ضمنی گرانٹس جاری کرنے کی منظوری دی گئی، پاکستان نیوی کے میڈیکل سٹورز اور یوٹیلٹی کی مد میں بھی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی اجلاس میں ملک میں آکسیجن گیس اور آکسیجن سلنڈرز کی بلاتعطل فراہمی کیلئے تین ماہ کیلئے ڈیوٹیز اور ٹیکسوں میں کمی کی بھی منظوری دی گئی وزارت صحت اور وزارت داخلہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ آکسیجن پیدا کرنے والی کمپنیوں کے تمام واجبات ادا کرے، طبی مقاصد کیلئے آکسیجن کی سپلائی کو یقنی بنایا جائے اور اس حوالے سے ہسپتالوں اور آکسیجن پلانٹس والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ آکسیجن کے نرخ کم رکھیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے کورونا کے باعث کمزور طبقے کوآٹے کی فراہمی کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی، سیکرٹری محکمہ خوراک پنجاب نے صوبائی وزیرخوراک عبدالعلیم خان کو تجاویز ارسال کردیں۔ احساس پروگرام کے تحت ضرورت مند افراد کو یوٹیلٹی سٹورز پر سبسڈائزڈ آٹا فراہم کیا جائے گا۔