( زین مدنی ) پنجاب بھر کے تھیٹر فنکاروں نے میٹروپول سینما میں عیدالاضحی پر تھیٹرز نہ کھولنے اور حکومت کی بے رخی کے خلاف قمیضیں اتار کر منفرد انداز میں احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق میٹروپول سینما سٹیج کےغریب فنکاروں، تکنیک کاروں اور دیگر عملے کے افراد نے حکومت کی بے رخی اور عید پر تھیٹرز نہ کھولنے کیخلاف احتجاج کیا۔ فنکاروں نے حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں سے گلہ کیا کہ چار ماہ سے بے روزگار ہیں کسی نے ان کا حال نہیں پوچھا۔ ہاتھوں اور جسموں پر اپنے احساسات لکھ کر فنکاروں نے گلہ کیا کہ حکومت کی بے رخی ان کے ساتھ کیوں ہے۔
فنکاروں اور دیگر عملے کا کہنا تھا کہ شاپنگ مالز، بازار، مارکیٹیں، انڈسٹری، پارکس، ریلوے اور پی آئی اے تک کھل گئی لیکن چار ماہ سے تھیٹر بند ہیں وہ نہیں کھل رہے۔
واضح رہے کہ عید الاضحی پر تھیٹر کھلوانے کے لئے سٹیج فنکار اور پرڈیوسر متحرک ہوگئے۔ آئندہ چند روز میں گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کریں گے۔ اس سلسلے میں اداکار نسیم وکی، افتخار ٹھاکر، تھیٹر ایکشن کمیٹی کے چیئرمین قیصر ثناءاللہ خان، پرڈیوسر اکبر بٹ سمیت دیگر آئندہ چند روز میں عید قرباں پر تھیٹر کھلوانے کے لئے گورنر پنجاب اور وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کریں گے۔