(علی ساہی)لاہور سمیت پنجاب بھرمیں اڑتیس ہزار قیدیوں کے شناختی کارڈز نہ ہونے پر آئی جی جیل نے سپرنٹنڈنٹس جیلز اورمحکمہ نادرا کو قیدیوں کا شناختی کارڈ بنوانے کا مراسلہ بھجوا دیا ہے۔
پنجاب کی تمام جیلوں میں قیدیوں کی بڑی تعداد کے پاس شناختی کارڈ نہ ہو نے کے حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات شاہد سلیم بیگ نے نادرا حکام سے رابطہ کر لیا ہےجبکہ آئی جی جیل نے تمام ریجنوں کے ڈی آئی جیز اور سپرنٹنڈنٹس کو قیدیوں کے شناختی کارڈ بنوانے کے حوالے سے مراسلہ جاری کردیا ہے کہ جن قیدیوں کے پاس کوائف موجود نہیں ہیں انکے کاغذات متعلقہ تھانے سے یا ان کے گھروں سے منگوا کرانکے شناختی کارڈ بنانے کے لئے نادرا کی موبائل وین کو جیل میں بلایا جائے۔
تمام جیلوں کی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ قیدیوں کے شناختی کارڈ بنوا کر رپورٹ کریں، پنجاب کی جیلوں میں تقریباً ساڑھے 45ہزارقیدی ہیں۔ جن میں سے صرف 6360ملزمان کے پاس شناختی کارڈ موجود ہیں جبکہ بقیہ کے پاس شناختی کارڈزموجود نہیں ہیں۔