( قذافی بٹ ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں ان ہاؤس تبدیلی کوئی غیرآئینی بات نہیں، مسلم لیگ (ن) نے اس مرحلے کے لیے اپنی کھڑکیاں اور دروازے سب کے لیے کھول رکھے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں حمزہ شہباز نے پنجاب حکومت کو آٹا اور چینی کے بحران پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ نااہلوں کی حکومت نے کسی قسم کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی تھی۔ اشیائے خورونوش دال، چینی، چاول، آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، دو سو فیصد بلوں کا بوجھ عوام پر ڈالا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک آٹے کے تھیلے کے لئے عام شہری ترس رہا ہے جس کی عجیب توجیہات پیش کی جا رہی ہیں۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ڈھونڈنے سے پرانا پاکستان نہیں ملتا اور ٹرانسپریسی انٹرنیشنل چیخ چیخ کر کرپشن کی داستان سنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان ہاؤس تبدیلی جمہوری عمل ہے حالیہ صورتحال پر تبصرہ نہیں کروں گا لیکن ن لیگ نے اپنی کھڑکیاں دروازےسب کیلئے کھلے رکھے ہیں۔